بنگلورو،12؍ستمبر (ایس او نیوز)ایک موٹر سائیکل سوار پر ایک دو نہیں بلکہ پو رے بیالیس مرتبہ ٹرافک قانون کی خلاف ورزی کرنے کے معاملات درج ہیں اور یہ شخص اپنے آپ کو ٹرافک پولیس کے جوائنٹ کمشنر کا بہت بڑا پرستار کہتاہے۔جی ہاں! اس پر تعجب کرنے کی ضرورت نہیں،یہ سچ ہے۔جوائنٹ ٹرافک پولیس کمشنر کے ا س پرستار کا نام گریش بابو ہے۔گریش بابو نے اپنی اس گاڑی پر اپنا نام اور عہدہ بھی چسپاں کر رکھا تھا،اتنا ہی نہیں اس کی گاڑی پر پریس کا اسٹیکر بھی چسپاں تھا۔وہ کئی بار ٹرافک قانون کی خلاف ورزی کرنے کے باوجود جوائنٹ ٹرافک پولیس کمشنر روی کانت گوڑا کا حوالہ دے کر بچ نکل جاتا۔اس نے جو خلاف ورزی کی ہے اُن میں سگنل،جمپنگ،بغیر ہیلمٹ کے گاڑی چلانا اور مختلف موقعوں پر پولیس کو چکمہ دے کر بچ نکلتا۔اس طرح ا س کے خلاف 42معاملے درج ہیں اور اس کی گاڑی پر 20,200روپئے جرمانہ ہے۔اتنا ہی نہیں اس نے اپنے ایک دوست سے گاڑی خریدی تھی،مگر اب تک اپنے نام پر ٹرانسفر بھی نہیں کروایا ہے۔یہ خبر جیسے ہی ٹرافک پولیس کمشنر کو ملی فوری گاڑی ضبط کرنے کا حکم دیا۔آخر کار پولیس نے گریش کو پولیس تھانہ طلب کر ہی لیا،وہاں بھی اس نے ڈرامہ کیا۔ حالانکہ رقم نہ ہونے کا ناٹک کیا لیکن پولیس کہاں خاموش رہنے والی تھی،گاڑی ضبط کرلی تو اس نے جرمانہ کی پوری رقم بھر کر گاڑی ریلیز کر کے ساتھ لے گیا۔